مدارس رجسٹریشن: صدر نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کر دیئے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) دینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کر دیئے۔
صدر مملکت کے دستخطوں کے ساتھ ہی بل قانون بن گیا، قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، قومی اسمبلی نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ معاملہ افہام وتفہیم سے حل کر لیا گیا، وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے بل سے متعلق سمری کی منظوری دی، سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ کا بل 20 اکتوبر کو سینیٹ اور 21 اکتوبر کو قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل کے نکات سامنے آگئے
یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے جنرل سیکرٹری مولانا راشد سومرو نے لاڑکانہ میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے، پیپلزپارٹی کی قیادت اور جمعیت علمائے اسلام سندھ کے رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال کے علاوہ مدارس رجسٹریشن بل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
صدر مملکت نے مدارس بل کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے اور معاملہ جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی کابینہ نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے مدارس رجسٹریشن پر صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔