تجاوزات کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ تجاوزات ختم نہ کرنے والوں کیخلاف متحرک۔ڈپٹی کمشنر سلمیٰ سلیمان نے قانون شکن دکانداروں سے سختی کیساتھ نمٹنے کا حکم دیا ہے ۔
انہوں نے چوک جسونت نگر پر جاری کارروائی کا خود معائنہ کیا۔ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی غلام مصطفی سیہڑ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مہر اویس ہمراہ تھے ،شہر میں کارروائی کے دوران تجاوزات پر دو دکاندار گرفتار کرلئے گئے ۔میونسپل کمیٹی خانیوال نے سنگلانوالہ چوک اور اکبر بازار تجاوزات ختم کرانے کیلئے فالو اپ کارروائی جاری رہی، اسسٹنٹ کمشنر سنبل جاوید نے سنگلوانوالہ چوک پر ایک دکان بھی سربمہر کردی،دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والے متعدد دکانداروں کا سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر سلمیٰ سلیمان نے ایم سی سکول 1B اور گرلز ماڈل ہائی سکول کے معائنہ کے دوران بہترین صفائی ،پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے احکامات دیئے ۔انہوں نے ہیڈ ٹیچرز کو سکولز کونسلز فعال کرواکر فنڈز بہتری کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سپیشل ایجوکیشن سکول میں بھی تدریسی سہولیات چیک کیں۔