ستھرا پنجاب پروگرام لودھراں کے عوام کیلئے خواب بن گیا
لودھراں (ڈسٹرکٹ رپورٹر،سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام لودھراں کے عوام کے لیے خواب بن گیا۔۔۔
پاسپورٹ آفس روڈ سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں ابلتے گٹروں ،ناقص سیورج سسٹم کی وجہ سے سڑکوں اور گلیوں میں گندا پانی جمع، وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ،عوامی حلقوں کا وزیراعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری ،ڈپٹی کمشنر لودھراں سے نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق پاسپورٹ آفس ،محلہ سی آئی اے سٹاف ،سپر چوک سمیت شہر کے بیشتر علاقوں کی مختلف گلیوں میں ابلتے گٹروں کا پانی موجود ہونے کی وجہ سے لوگوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے ۔دور دراز علاقوں ں سے پاسپورٹ آفس آنے والے سائلین ، مساجد میں نماز کے لیے جانے والے بزرگ بھی اذیت کا شکار ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ،انچارج سیوریج سسٹم کو متعدد بار شکایات درج کرا چکے ہیں لیکن کوئی نہیں سنتا ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب،کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر لودھراں سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے اقدامات کریں اور ناقص کارکردگی کے حامل ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔