ڈویژن کی تزئین و آرائش کیلئے عملی اقدامات کا حکم

ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژن کی خوبصورتی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔
انہوں نے ڈویژن کی خوبصورتی کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ عوام کو بیوٹیفکیشن پر عملی کام اور فرق واضح نظر آنا چاہیے ، ملتان میں شہراولیاء کی تہذیب کو مدنظر رکھ کر تزئین و آرائش کی جائے ،موسم بہار میں پھولوں کی بہار کیلئے ابھی سے تیاریاں کی جائیں،پارکوں کی اپ گریڈیشن کرکے شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں، ڈویژن میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے ،شہر کے داخلی خارجی راستوں اورشہر کے اہم چوکوں کی تزین و آرائش کا پلان مرتب کیا جارہا ہے ۔ عامر کریم خاں نے مزید کہا کہ گرین ایریاز سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ انہوں نے اہم چوکوں پر ٹریفک سگنلز کو فعال کرنے بارے رپورٹ بھی طلب کی جبکہ ڈویژن کی ٹی اے ڈی پی کیلئے سکیمیں بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی ضرورت،عوام کی فلاح وبہبود کو مدنظر رکھ کر سکیمیں مرتب کی جائیں۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسرموجود تھے ۔