ماہ صیام کا پہلا عشرہ،1لاکھ40ہزار چھاپے،818گراں فروش گرفتار

ملتان(وقائع نگار خصوصی )ضلعی انتظامیہ ملتان نے ماہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں گراں فروشوں کے خلاف ایکشن کے اعداد و شمار جاری کردیئے ۔
اس سلسلے میں ماہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد انسپکشن کی گئیں جبکہ 10 روز میں 14 لاکھ 7 سو سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا اسی طرح گراں فروشوں کے خلاف 44 مقدمات درج کئے گئے ۔ضلعی انتظامیہ نے پرائس ایکٹ پر 74 دکانات سربمہر کرکے 818 افراد گرفتار کئے ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی کی شکایات کے ازالے کیلئے کریک ڈاؤن کا دائرہ وسیع کردیا ہے اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے ۔ٹاسک فورس کو چینی،آٹا اور گھی سمیت مختلف اشیاء کی قیمتیں چیک کرنے کا حکم دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس نے ایک روز میں کارروائیاں کرتے ہوئے 75 گراں فروش گرفتار کرلئے جبکہ ضلع میں 14 ہزار سے زائد دکانوں کی چیکنگ کرکے متعدد شاپس سربمہر کردی گئیں ہیں انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی سے عام مارکیٹ تک بلاتعطل سپلائی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے جبکہ چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر سخت نوٹس لیا ہے ۔محمد علی بخاری نے کہا کہ سہولت رمضان بازار میں چینی کاؤنٹرز کی تعداد بڑھائی جارہی ہے ۔