سیوریج پانی سے اگائی گئی سبزیاں تلف کردی گئیں
ملتان،وہاڑی (لیڈی رپورٹر،نمائندہ خصوصی) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا سیوریج کے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کیخلاف آپریشن۔
، فوڈ سیفٹی ٹیم کی سونارے والی گلی میلسی میں کئی کنال سبزیوں کی چیکنگ، سیوریج کے پانی سے کاشت 24 کنال سبزیوں کا ٹریکٹر کے ذریعے خاتمہ کر دیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کھیت سے پلیٹ تک خوراک کی بہتری کیلئے بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وہاڑی کی تحصیل میلسی کے علاقے سونارے والی گلی کالونی میں سیوریج کے پانی سے کاشت سبزیوں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیوریج کے زہریلے پانی سے پالک، دھنیا اور مولی کی سبزیاں کاشت کی گئی تھیں۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ سبزیوں اور دیگر خوراک کی کاشت کے لئے ٹیوب ویل کا پانی استعمال کیا جائے ۔ آلودہ پانی سے اگائی سبزیوں میں شامل زہریلے مادے خوراک کا حصہ بن کر متعدد موزی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹریل ویسٹ اور سیوریج کے پانی سے صرف آؤٹ ڈور پلانٹس، پٹسن اور دیگر ڈیکوریشن پلانٹس اگائے جاسکتے ہیں۔کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اولین فریضہ ہے ۔