سائلین کی شکایات کا میرٹ پر ازالہ کیا جائے ،صادق ڈوگر

ملتان (کرائم رپورٹر)سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی جانب سے شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے تھانہ مظفرآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
ڈی ایس پی مظفرآباد بشیر ہراج، ایس ایچ او مظفرآباد رمضان گل، مظفرآبادسرکل کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسر کھلی کچہری میں ان کے ہمراہ تھے ۔سی پی او ملتان نے کھلی کچہری میں آئے شہریوں کے مسائل سنے اور میرٹ پر حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے ۔انہوں نے متعلقہ پولیس افسروں کو احکامات جاری کئے کہ سائلین کی شکایات کا ازالہ کر کے رپورٹ پیش کریں۔سی پی او ملتان نے متعلقہ پولیس افسروں کو ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کی شکایات و مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور قانون کی روشنی و میرٹ پر ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور درخواست گزاروں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر جا کر سننا اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کرنا ہے تاکہ وہ سائلین جو میرے دفتر نہیں پہنچ سکتے ان کے پاس آ کر ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا سکیں۔