زکریا یونیورسٹی ، مالیاتی ایمرجنسی نافذ ، الاؤنس بند

زکریا یونیورسٹی ، مالیاتی ایمرجنسی نافذ ، الاؤنس بند

ملتان(خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی میں خود ساختہ مالیاتی ایمرجنسی، ڈیلی ویجز کے گھروں میں بھوک ناچنے لگی،ملازمین کے تمام الائونس بند، ایمپلائز رہنمائوں نے آج ہڑتال کا اعلان کردیا۔۔۔

 تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی میں خودساختہ مالیاتی ایمرجنسی نے ملازمین کی عید پرسوالیہ نشان لگادیا جبکہ ڈیلی ویجز کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے قانون کے مطابق ہر عید پر ایک بونس دیا جاتا ہے تاکہ ملازمین بہتر انداز میں عید مناسکیں مگر رواں برس عید خطرے میں پڑ گئی وائس چانسلرنے عید بونس دینے سے انکار کردیا ہے اس کے ساتھ ساتھ ملازمین کا سکیورٹی کا ہاف ڈے الائونس بھی بند ہے ۔رات کو ڈیوٹی کرنے والوں کو نائٹ الائونس نہیں مل رہا ۔ ڈرائیورز کا اوور ٹائم بند کردیا۔ علاوہ ازیں صبح کے اوقات میں ڈیوٹی کرنے والے ڈرائیورز کو ناشتہ الائونس بھی کئی ماہ سے نہیں مل رہا ،ٹیوب ویل آپریٹرز بھی الائونسز سے محروم ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرڈیلی ویجز ملازمین ہیں جن کے بل نہیں دیئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں بھوک ناچ رہی ہے مگر کوئی سننے والا نہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وائس چانسلر نے فنانس کے تمام اختیارات خود رکھے ہوئے ہیں مستقل خزانہ دار نہ ہونے کی وجہ سے تمام ترادائیگیاں روک دی گئیں صرف تنخواہ اورپنشن دی جارہی ہے دوسری طرف ٹھیکیداروں نے بھی سپلائی روک دی ہے ان کے چار ماہ سے زائد کے بلز رک گئے ہیں اور وہ دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئے ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ وائس چانسلر اس ایشو کو سیریس نہیں لے رہے ہیں جب کہ ہمارے واجبات ادانہیں ہوتے روزمرہ کی اشیا کی سپلائی نہیں ہوگی اس صورت حال میں ایمپلائز یونینز کے رہنماوں نے احتجاج کا اعلان کردیا ان کا کہناہے کہ آج سوموار کو ایک بار پھر مطالبات کے لئے وائس چانسلر سے اپیل کی جائے گی مثبت جواب نہ ملنے پر ایڈمن بلاک سمیت یونیورسٹی میں تالا بندی کردی جائے گی پہلا موقع ہے ملازمین رمضان المبارک کسمپرسی میں گزار رہے ہیں فرینڈمتحدہ ملازمین کے رہنما ملک صفدر اور رانا مدثر کاکہنا ہے کہ جب اساتذہ کو 10کروڑ کی پارٹ ٹائم کی ادائیگی ہوسکتی ہے تو ملازمین کی ساڑھے تین کروڑ کی ادائیگیاں بھی ہوسکتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں