سپیشل ایجوکیشن سنٹر لودھراں میں عید گفٹس تقسیم

لودھراں ( سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر لودھراں میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی۔۔
جانب سے خصوصی طلبہ میں عید گفٹس تقسیم کیے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسد علی،اسسٹنٹ کمشنر لودھراں ارم شہزادی، ہیڈ مسٹریس سپیشل ایجوکیشن ہدایت فاطمہ ہاشمی نے بھی خصوصی بچوں میں عید گفٹس تقسیم کئے ۔ خصوصی طلبہ نے عید گفٹس ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ خصوصی بچوں کو عید گفٹس دینے کا مقصد ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ایسے اقدامات نا صرف خصوصی بچوں کے لیے خوشی کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان میں خود اعتمادی اور حوصلہ بھی پیدا کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے خصوصی بچوں کیلئے خصوصی اقدامات کا آغاز کیا ہے اور سپیشل بچوں کو خصوصی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے ۔ سپیشل بچوں کو اللہ تعالیٰ نے بہت سی صلاحیتوں سے نواز ہوتا ہے ۔ وہ سپیشل بچوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتی ہیں اور سپیشل بچوں کی تعلیم وتربیت میں کردار ادا کرنے والے اساتذہ کو بھی سلام پیش کرتی ہیں ۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے خصوصی بچوں کے ہمراہ گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر لودھراں کے سبزہ زار میں پودے لگائے ۔ دریں اثنا تعلیمی فلاحی ادارے پاک سر زمین کے نمائندوں عبداللہ تنصیر، بختاور تنصیر،علی رضا ، عبداللہ جمال ، اوکاسا شہباز معید، عمائمہ بشرہ اور ماہ نور نے بھی خصوصی بچوں کے ہمراہ پودے لگائے اور انکی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کرنے کا یقین دلایا ۔