نوجوان کمیونٹی کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے سیشن

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خانیوال سردار مظہر کی جانب سے جوان کمیونٹی کے ۔۔
ساتھ خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا بنیادی مقصد نوجوان کمیونٹی کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور انکے ووٹ رجسٹریشن کے مسائل کو حل کرنا تھا۔ سیشن میں نوجوان کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرخانیوال نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے ووٹ کی اہمیت اور طاقت کو پہنچاننا چاہئے اور ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جو معاشرتی اور قومی بہتری کے لیے کام کریں۔ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہا ہے اور اس بات سے ہم بخوبی آگاہ ہیں کہ الیکشن کمیشن کے بارے میں کچھ لوگوں کے ذہنوں میں منفی تاثر پایا جاتا ہے جوکہ عوام میں انتخابات کے معیار اور شفافیت بارے شکوک وشبہات پیدا کرتا ہے اور یہ سب اس لیے ہے کہ لوگوں کے پاس الیکشن کے بارے میں صحیح معلومات نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن عوام کو معاونت فراہم کرنے کے لیے ہر وقت موجود ہے ۔ نوجوان فارم نمبر21 برائے اندراج / منتقلی ووٹ، فارم نمبر22 برائے اعترض/ حذف ووٹ اور فارم نمبر 23 برائے درستگی کوائف کو استعمال کر کے اپنے ووٹوں کو درست کروا سکتے ہیں۔ ووٹر جتنا باعلم اور باشعور ہوگا اتنا ہی اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کر سکے گا۔