دھی رانی پروگرام کا دوسرا مرحلہ،57بچیوں کی شادی تقریب
رحیم یارخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب حکومت کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب دھی رانی پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز،57 دلہنیں پیا گھر سدھار گئیں۔۔
،صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی تقریب میں شرکت، نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد دی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں کو ایک ایک لاکھ سلامی کے کارڈز بھی پیش کئے ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر خرم پرویز، میاں امتیاز احمد، میاں عامر شہباز،چودھری محمود الحسن چیمہ’عزیر طارق چوہان’چودھری ارشد گوجر،میاں خالد شاہین اور نسرین ریاض گجر نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام کا مقصد نادار والدین کو اپنی بیٹیوں کی شادیوں کی ذمہ داری پوری کرنے کے قابل بنانا ہے ،پنجاب حکومت نے دھی رانی پروگرام کے لئے ایک خطیر رقم مختص کی ہے ، دھی رانی پروگرام نے معاشرتی طبقاتی تقسیم کو ختم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج متوسط گھرانے کی بیٹیاں بھی باعزت انداز سے رخصت ہوکر اپنے گھروں کو جا رہی ہیں، دھی رانی پروگرام ایک ارب کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے ۔ دھی رانی پروگرام کے فیز تھری میں 5 ہزار بیٹیوں کو رخصت کیا جائے گا ۔ جوڑوں کو ایک لاکھ روپے نقد سلامی اور دو لاکھ کے تحائف دئیے گئے ہیں۔