22نئے بس شیڈز تعمیر کرنیکا فیصلہ

22نئے بس شیڈز تعمیر کرنیکا فیصلہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں شہری ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 22 نئے بس شیڈز تعمیر کرنے کا فیصلہ ۔۔

اجلاس میں کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ ان 22 بس شیڈز میں سے 11 شیڈز ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیر کرے گی، جن کا ٹینڈر مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ باقی 11 شیڈز نجی شعبے کے اشتراک سے تعمیر کیے جائیں گے جس کے لیے نجی سیکٹر سے بات چیت جاری ہے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بس شیڈز کی تعمیر سے نہ صرف شہریوں کو موسمی شدت جیسے گرمی، بارش اور دھوپ سے بچاؤ ملے گا بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے انتظار کے دوران انہیں ایک محفوظ اور آرام دہ جگہ بھی میسر آئے گی، یہ منصوبہ شہری سہولتوں میں بہتری اور عوامی فلاح کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے ، نجی و سرکاری اشتراک سے اربن ڈویلپمنٹ کا یہ ماڈل دیگر شعبوں میں بھی اپنایا گیا ہے ،یہ بس شیڈز جدید ڈیزائن، سایہ دار چھت، بیٹھنے کی سہولت میسر ہوگی۔دریں اثناکمشنر عامر کریم خاں نے ڈیرہ اڈہ پارک کا دورہ کیااور سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے آبشار کو فعال، اوپن ایریا جم میں بہتری لانے ،واکنگ ٹریک، واش رومز کو بہتر کرکے پارک کی تمام لائٹس روشن کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پارکوں میں عدم دستیاب سہولیات کو 7 دن میں فراہم ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ،پارک شہریوں کیلئے ذہنی سکون، تفریح اور صحت مند طرز زندگی کی علامت ہیں،بحالی سے بزرگوں، خواتین اور بچوں کیلئے مثبت تفریحی ماحول میسر آئے گا، سرسبز پارک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں، ان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ دوسری طرف کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے محمد بن قاسم بلائنڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سالانہ تقریبِ انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اورنمایاں کارکردگی دکھانے والے نابینا طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے ۔اس موقع پر کمشنر کاکہنا تھا کہ معذوری حوصلوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے ،یہ روشنی سے محروم چہرے اپنے خوابوں کی چمک سے جگمگا رہے ہیں جو ہمارے معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہیں، ملتان چیمبر سے ملکر نابینا افراد کے روزگار کیلئے پلان مرتب کیا جائے گا،تقریب میں ہونہار بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلو پیش کئے ۔میزبان چیئرپرسن سعدیہ کرمانی نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور نابینا بچوں کی تعلیم و تربیت میں ادارے کے کردار کو اجاگر کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں