گرمی کی شدت،سکولوں میں آئوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد

ملتان(خصوصی رپورٹر) گرمی میں مسلسل اضافہ،سکولوں میں آوٹ ڈور سرگرمیاں بند کردی گئیں تفصیل کے مطابق پنجاب میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے اور۔۔
متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو بیرونی سرگرمیاں فوری طور پرروکنے کے احکامات جاری کردیئے گئے اور کہاگیاہے کہ تمام تعلیمی ادارے پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو ہر صورت ممکن بنائیں طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہلکے ، ڈھیلے ڈھالے اور گرمی کے لحاظ سے موزوں کپڑے پہن کر آئیں،غیر نصابی اور آؤٹ ڈور سرگرمیاں فی الحال معطل کر دی گئی ہیں تاکہ طلبہ دھوپ اور گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔محکمہ تعلیم کے مراسلے میں سکول سربراہان کو فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی ہے بصورت دیگر سخت کارروائی کی تنبیہ بھی کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق موسم میں اچانک بڑے پیمانے پر تبدیلی کے سبب محکمہ تعلیم نے مذکورہ اقدامات اٹھائے ہیں۔ سکول طلبہ اور والدین کی جانب سے شدید موسم اور سکولوں کی جانب سے اقدامات نہ کرنے کی شکایات درج کرائی گئی تھیں جس پر محکمہ تعلیم نے فوری ایکشن لیا ہے۔