ریڑھی بازار کے قیام کیلئے اقدامات کا حکم

ریڑھی بازار کے قیام کیلئے اقدامات کا حکم

میلسی ،ملتان، وہاڑی (نامہ نگار،لیڈی رپورٹر، نمائندہ خصوصی ) کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر کے ہمراہ میلسی میں ریڑھی بازار کیلئے تجویز کردہ جگہ کا معائنہ کیا۔۔

کمشنر ملتان عامر کریم خاں کو ریڑھی بازار کے قیام بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔جس پر کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ریڑھی بازار کے قیام کیلئے اقدامات کو تیز کرنے اور ریڑھی بازار کو بہترین طریقے سے بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ریڑھی بازار میں سیوریج اور ڈرینج کا انتظام کیا جائے ۔بارش کے پانی کی نکاسی کا بھی راستہ بنایا جائے ریڑھی بازار کے دونوں طرف گیٹ لگائے جائیں۔ریڑھی بازار میں سکیورٹی کیمرے نصیب کئے جائیں تاکہ تاجروں کے سامان کی حفاظت ہوسکے ۔تمام ریڑھیوں کا ایک جیسا ڈیزائن بنایا جائے ۔ریڑھیوں کے اوپر ایک ہی ڈیزائن کے بورڈ لگائے جائیں۔پینا فلیکس کی بجائے لوہے کی شیٹس پر لکھائی کی جائے تاکہ وہ دیر پا اور پائیدار ہو۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کالونی چوک میں زیر تعمیر مونومنٹ کا بھی جائزہ لیا اور مونومنٹ کی جلد تعمیر کرنے اور مونومنٹ کے اطراف چوک کو بھی خوبصورت بنانے کا حکم دیا۔علاوہ ازیں ملتان کے تاجر رہنماؤں کی کمشنر سے ملاقات ،چونگی نمبر 22ٹمبر مارکیٹ وہاڑی روڈ کشادہ کرنے کا مطالبہ کر دیا کمشنر نے ہر ممکن کوشش کی یقین دہا نی کرادی۔اس سلسلہ میں انجمن تحفظ تاجران ملتان ڈویژن کے صدر ملک نیاز محمد بھٹہ کی قیادت میں تاجر وفد نے کمشنر ملتان عامر کریم سے انکے دفتر میں ملاقات کی کمشنر ملتان نے تاجر وفد کو وہاڑی روڈ تعمیر منصوبے سمیت شہر میں ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے بریفنگ دی ملک نیاز بھٹہ،مہرمحمد شاکر،قمر زمان خان وزیر نے کمشنر ملتان عامر کریم کوچونگی نمبر 22،ٹمبر مارکیٹ وہاڑی روڈ،سورج کنڈ روڈ،الجیلان روڈ کے مسائل بیان کئے انہوں نے کہا کہ چونگی نمبر 22،چوک شاہ عباس،غلہ منڈی پر چاروں جانب سے ٹریفک بہاؤ اور تجاوزات کی وجہ سے اکثر ٹریفک بلاک رہتی ہے جس کے باعث علاقے کے رہائشیوں سمیت راہ گیر بھی شدید مسائل کا شکار ہوتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ چونگی نمبر 22 تا جیل موڑ وہاڑی روڈ کو کشادہ کیا جائے جبکہ ٹمبر مارکیٹ میں ڈسپنسری کو فعال کیا جائے سیوریج صفائی مسائل حل کئے جائیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں