مینگو انکلیو کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہمی کا فیصلہ
ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے انڈسٹریل بورڈ کے وفد نے صدر آصف مجید کی قیادت میں ملاقات کی۔۔
کمشنر عامر کریم خاں نے مینگو انکلیو بنانے بارے آگاہ کیا جس پر انڈسٹریل سٹیٹ کے وفد نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ مینگو انکلیو میں آم کی تمام لوکل اجناس کے 1000 سے زائد تیار پودے لگائے جائیں گے ۔شہریوں کیلئے پکنک پوائنٹ ، بنچز، واش رومز ، لائٹس، جاگنگ ٹریک بھی بنایا جائے گا۔ نادرہ آباد فلائی اوور کے قریب ویران رقبے پر آموں کے درخت لگائے جائیں گے ۔مینگو انکلیو کو چار دیواری اور آہنی جنگلے سے محفوظ بنا کر پکنک پوائنٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔ مینگو انکلیو میں آم سے بنی اشیائکی فراہمی کے لئے خصوصی ہٹس تعمیر کی جائیں گی۔شہریوں کو بہتر ماحول دینے کے لیے پختہ بنچز کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آم شہرِ اولیائکی پہچان، مینگو انکلیو خوشگوار اضافہ ثابت ہوگا۔ ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دوسری جانب کمشنر ملتان نے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم 21 تا 23 اپریل جاری رہے گی۔ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد ٹیمیں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گی۔پولیو فری پاکستان کیلئے والدین کا تعاون ناگزیر ہے ۔ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں۔پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔جنرل بس سٹینڈ سمیت عوامی مقامات پر پولیو کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔ ڈویژن میں پولیو سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ ضلع ملتان کے 10 لاکھ 26 ہزار بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔