معذور افراد کی انتخابی عمل میں شرکت بارے آگاہی سیشن
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)معذور افراد کی انتخابی عمل میں شرکت اور ان کے ووٹ کے حق کے حصول کے لیے ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن کا مقصد معذور افراد کو انتخابات کے انعقاد۔۔۔
ووٹنگ کے طریقہ کار، اور ان کے قانونی حقوق کے بارے میں آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ بھی قومی فیصلہ سازی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں، سیشن دفتر ضلعی الیکشن کمشنر وہاڑی میں منعقد ہوا۔ ضلعی الیکشن کمشنر وہاڑی نے کہا کہ معذور افراد کی انتخابی عمل میں شرکت ان کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے ،ان کا ووٹ نہ صرف ملک کی سمت طے کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ یہ ان کی برابری، خود مختاری اور معاشرتی شمولیت کا بھی مظہر ہے ، معذور افراد نہ صرف ووٹ ڈال سکتے ہیں بلکہ انتخابات میں امیدوار بھی بن سکتے ہیں، ہم سب کو مل کر یہ ذمہ داری نبھانی ہے کہ معذور افراد کو انتخابی عمل میں مکمل شرکت کے قابل بنایا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پولنگ سٹیشنزپر ریمپ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد کی رسائی ممکن ہو، وہ معذور افراد جو سفر کرنے سے قاصر ہیں اور جن کے پاس نادرا کا معذوری کا مخصوص شناختی کارڈ موجود ہے ، انہیں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت حاصل ہے ۔ ضلعی الیکشن کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے کا نام نہیں بلکہ ہر فرد کو معاشرے میں برابری کا حق دینا بھی جمہوریت کی بنیاد ہے ،پاکستان میں لاکھوں معذور افراد موجود ہیں، ہمیں ان کی آواز کو سننے ، تسلیم کرنے اور فیصلہ سازی میں شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔