فوڈاتھارٹی، آئس ،سوڈافیکٹریوں ،سنیکس یونٹ پر چھاپے

فوڈاتھارٹی، آئس ،سوڈافیکٹریوں ،سنیکس یونٹ پر چھاپے

ملتان،بہاولپور (لیڈی رپورٹر، سٹی رپورٹر) خوراک میں غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری، آئس فیکٹریز، سنیکس یونٹس، سوڈا واٹر فیکٹریوں سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، ملتان میں بیکری کی اصلاح تک پروڈکشن بند۔۔۔

حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد، 50کلو ایکسپائری اشیاء، 13کلو ممنوعہ چائنہ نمک تلف۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایت پر خوراک کی تیاری میں غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ اور صفائی ستھرائی کو ملحوظ خاطر نہ رکھنے والے عناصر کیخلاف فوڈ سیفٹی ٹیموں کی دن رات کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملتان 18 کسی وہاڑی روڈ پر آئس فیکٹری کو پانی کی تجزیہ رپورٹ نہ ہونے ، پروڈکشن ایریا میں حشرات، آلودہ سانچوں اور بلاکس کے استعمال پر 40 ہزار، سدرن بائی پاس بابر چوک پر پراسیسنگ ایریا میں حشرات کی بھرمار پر بیکری کی اصلاح تک پروڈکشن بند کردی گئی۔ شہید لعل چوک نشاط روڈ پر سوڈا واٹر فیکٹری کو مشروبات کی تیاری میں کھلے اور ممنوعہ اجزاء کے استعمال پر 25 ہزار اور سسی چوک سنیکس یونٹ کو کچا پاپڑ کی تیاری میں کھلے اور ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ کرنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ خانیوال میں جے کے شوگر ملز کے قریب ٹک شاپ کو ایکسپائری فوڈ آئٹمز فروخت کرنے پر 8000، عبداحکیم موڑ کچا کھوہ میں سویٹس شاپ کو زائدالمیعاد پاپڑ فروخت کرنے پر 10 ہزار، جمیل کالونی عیدگاہ کبیروالا میں سوڈا واٹر پلانٹ کو ٹیسٹ کے دوران مشروبات کی برکس ویلیو کم ہونے پر 7000، پرانا لاری اڈہ کبیروالا میں کریانہ سٹور کو ایکسپائری اشیاء فروخت کرنے پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مزید کینال روڈ وہاڑی میں ریسٹورنٹ کو کھانوں میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے پر 50ہزار اور میاں چنوں روڈ ڈلن بنگلہ بوریوالا میں کریانہ سٹور کو چائنہ نمک فروخت کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی کا بہاولپور میں زائدالمیعاد خوراک رکھنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن‘ ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی کی ٹیم کے ہمراہ ریسٹورنٹ،بیورجز پلانٹ اور بیکری یونٹ پر کارروائی،قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر 2 لاکھ روپے کے جرمانے عائد،32 کلو ممنوعہ چائنہ نمک،17 کلو ایکسپائرڈ چکن،2 کلو فنگس زدہ سبزیاں تلف،لاکھوں روپے مالیت کے ممنوعہ فوڈ آئٹمز تلف کردیئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں