کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ‘عمرانہ توقیر

 کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ‘عمرانہ توقیر

وہاڑی(خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔۔۔

جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید، ڈبلیو ایچ او کے ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر ڈاکٹر احسان احمد، اے سی غزالہ کنول، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات میاں نعیم عاصم و دیگر افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو ورکرز ہمارے ہیروز ہیں جو قوم کے نونہالوں کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں جا کر مہم کی مؤثر نگرانی کریں اور ہر یونین کونسل میں اہداف کا سو فیصد حصول یقینی بنائیں۔دوسری جانب، بچوں میں حفاظتی شعور بیدار کرنے کے لیے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول وہاڑی میں ’’اچھے لمس اور برے لمس‘‘کے موضوع پر مقابلہ مصوری کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، ڈی ای او عندلیب اصغر، ہیڈ ماسٹر چوہدری عبدالرحمن اور دیگر افسر شریک ہوئے ۔غزالہ کنول نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ان کی جسمانی حدود، قابل قبول رویے اور بدسلوکی کی پہچان سکھانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں سے کھل کر بات کریں تاکہ وہ کسی ناخوشگوار صورتحال میں خود کو محفوظ رکھ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں