معاشرے کو باشعور بنانے کیلئے آگاہی ضروری :اجمل چانڈیہ
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں ڈسٹرکٹ وومن پروٹیکشن آفس کے زیر اہتمام\"نوجوانوں اور۔۔
طلبا کو بااختیار بنانے اور تحفظ\" کے عنوان سے آگاہی سیشن منعقد ہوا۔ آگاہی سیشن کا مقصد طلباء کو ان کے حقوق اور ذاتی تحفظ کے بارے میں آگاہی دینا ہے ۔سیشن میں ڈپٹی کمشنر انجینئر قراۃ العین میمن، ڈی پی او محمد رضوان اور ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیا نے خصوصی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، ان کو بااختیار بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ علم حاصل کرنا ذاتی تحفظ کی پہلی سیڑھی ہے ۔آگاہی اور علم کے ذریعے ہم اپنے مسقبل کے لیڈرز کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد رضوان نے ذاتی تحفظ کے طریقوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آگاہی سیشن نوجوانوں کو بیدار کرنے اور انہیں محفوظ مستقبل کی جانب گامزن کرنے کی ایک اچھی کوشش ہے ۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیہ نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ معاشرے کو باشعور بنانے کے لئے آگاہی وقت کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالرحمٰن ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالج کبریٰ بانو، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج سمیت کالج کے پروفیسرز اورلیکچرار بھی موجود تھے ۔ سیشن میں طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔