ضلعی محکمے میپکو کے12ارب کے نادہندہ

ضلعی محکمے میپکو کے12ارب کے نادہندہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)صوبہ پنجاب کے محکمے رواں مالی سال کا بجٹ ہضم کرگئے ۔ بجلی کے بلوں کی مد میں میپکوملتان کی تقریباََ12ارب روپے کی ادائیگی نہ کی۔۔

جاسکی۔3ارب 80کروڑروپے بجلی بلوں کا سب سے بڑا ڈیفالٹر واسا ہے جوہر مہینے سیوریج لائنوں کی بندش کا بہانہ بناکر بجلی منقطع کروانے کے بعد فوری بحالی کے لئے ایمرجنسی نافذ کرنے لگا۔ ٹی ایم ایز دفاتر میں بجلی کے بے دریغ استعمال کے باعث بجلی بل کی رقم5ارب 22 کروڑروپے تک جاپہنچی۔ پنجاب حکومت کی بیورو کریسی بجٹ میں مختص کردہ رقم نادہندہ محکموں کو فراہم نہ کرنے کے باعث مسائل پیدا ہونے لگے ۔ عدالتیں بھی 18کروڑروپے کی نادہندہ نکلیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کے مختلف شعبوں کی جانب سے بجلی بلوں کی مد میں واجبات کی ادائیگی نہ کرنے کے باعث حجم 12ارب روپے تک جا پہنچاہے ۔ صوبائی محکموں ہائی وے ، پولیس، جیل خانہ جات، ہیلتھ، پارکس، ایری گیشن، سمال انڈسٹریز، واسا، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ٹی ایم ایز بجلی کا بے دریغ استعمال کرکے وزیر اعلیٰ کی بچت پالیسی کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔ بلوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث 10فیصد لیٹ پے منٹ سرچارج (LPS) بوجھ بھی سرکاری خزانے کو برداشت کرناپڑرہاہے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ مالی سال 2024-25ء کے بجٹ میں بجلی بلوں کی مد میں منظور کردہ فنڈز کا اجراء نہ ہونے سے آئے روز دفاتر کی بجلی منقطع ہونے کی دشواریوں کا سامناکرناپڑرہاہے اور متعلقہ نادہندہ محکمے بھاری بلوں کی ادائیگیاں کرنے سے قاصر ہیں۔ عدالتیں 17کروڑ98لاکھ روپے ، پنجاب ہائی وے 84لاکھ روپے ، پولیس 39کروڑ42لاکھ روپے ، جیل خانہ جات 4کروڑ98لاکھ روپے ، پنجاب ہیلتھ ایک کروڑ90لاکھ روپے ، پی ایچ ای 20کروڑ81لاکھ روپے ، سلائین زون ایک ارب 12کروڑروپے ، ایری گیشن 3 کروڑ 64 لاکھ روپے ، پنجاب سمال انڈسٹری 19 کروڑ75لاکھ روپے ، واسا ملتان 3 ارب 80کروڑروپے ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ 50 کروڑ36لاکھ روپے ، ٹی ایم ایز 5ارب 22 کروڑ25لاکھ روپے کی نادہندہ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں