صفائی آپریشن وسیع:تجاوزات مافیا کا گھیرا مزید تنگ

ملتان (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر) تجاوزات مافیا کا گھیرا مزید تنگ،زیروویسٹ آپریشن کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا۔۔
ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عملے کی جانب سے جمعہ المبارک کے سلسلے میں مساجد و عبادت گاہوں کے روٹس پر خصوصی صفائی آپریشن کیا گیا۔صفائی آپریشن کے دوران بھاری مشینری اور واٹر باؤزرز کے ذریعے مساجد کی دھلائی کرکے چونا بھی چھڑکا گیا ، مرکزی بازاروں اور چوکوں پر بھی کوڑا کرکٹ کی تلفی کی گئی جبکہ سرکاری عمارات ،تعلیمی و کمرشل اداروں کے روٹس پر بھی صفائی آپریشن کرکے چھڑکاؤ کیا گیا۔سی ای او کا کہنا تھا کہ دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی نظام نافذ کرنے سے عوام کو براہ راست ریلیف ملا ہے جبکہ ڈویژن بھر میں روزانہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کی شرح 4 ہزار ٹن یومیہ تک پہنچ گئی ہے ،نجی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا کڑا آڈٹ کیا جارہا ہے ،صفائی نظام میں بہتری کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دوسری طرف ضلع ملتان میں تجاوزات مافیا اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ، چاروں تحصیلوں میں بلا امتیاز تجاوزات کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدالسمیع شیخ کی قیادت میں گراس منڈی اور گردیزی مارکیٹ کے علاقوں میں بھرپور تجاوزات آپریشن کیا گیا ۔اس موقع پر پختہ تعمیرات مسمار کر کے بھاری مقدار میں سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا ۔ قادر پورراں اور ٹاٹے پور کے علاقوں میں بھی تجاوزات کو مکمل خاتمہ کیا گیا۔