مضبوط نسل کی تشکیل کیلئے تندرست اساتذہ ضروری،مظہر الحق
ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ تعلیم ملتان نے خواتین اساتذہ کے لیے پہلی بار انٹر ڈسٹرکٹ سپورٹس گالا 2025کا شاندار انعقاد کیا۔ یہ رنگارنگ تقریب ڈپٹی سیکرٹری سکولز ایجو کیشن ساؤتھ پنجاب خواجہ مظہرالحق اور۔۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی موجودگی میں گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسوہائر سکینڈری سکول ملتان میں منعقدہوئی ۔ تقریب میں ملتان کے تمام تعلیمی اداروں سے افسر، خواتین اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں ملک کی ثقافتی جھلکیوں، قومی نغموں اور مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ڈپٹی سیکرٹری سکولز ایجو کیشن مظہرالحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ جسمانی صحت، ٹیم ورک، اور مثبت رویے کی تربیت بھی نہایت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ کردار سازی اور ٹیم سپرٹ پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ جسمانی طور پر تندرست اساتذہ ہی فکری طور پر مضبوط نسل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اساتذہ کو صحت مند اور فعال رکھنے کے لئے ایسے پروگراموں کا تسلسل سے انعقاد ضروری ہے ۔ تقریب کے دوران مختلف کھیلوں جیسے رسہ کشی، بیڈمنٹن، دوڑ، اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے منعقد کئے گئے۔