ناقص حکومتی پالیسیوں سے کسان مشکلات کا شکار،لبنیٰ ندیم

ناقص حکومتی پالیسیوں سے کسان مشکلات کا شکار،لبنیٰ ندیم

ملتان (لیڈی رپورٹر) انسانی حقوق کمیشن کے زیر اہتمام ملتان ٹی ہاؤس میں \"راشد رحمان کسان کنونشن\" منعقد کیا گیا، جس میں جنوبی پنجاب بالخصوص تھل اور چولستان کے کسانوں نے بھرپور شرکت کی۔

کنونشن میں کسانوں کو درپیش مختلف مسائل پر توجہ دلائی گئی اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔ایچ آر سی پی کی کونسل ممبر ایڈووکیٹ لبنیٰ ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کسان ماحولیاتی تبدیلیوں اور حکومت کی ناقص زرعی پالیسیوں کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم کا بحران کسانوں کے معاشی حالات کو مزید خراب کر رہا ہے ۔ لبنیٰ ندیم نے کانفرنس کو راشد رحمان کے نام سے منسوب کیا۔ انکا کہنا تھا کہ راشد رحمان نے اس قافلے کی بنیاد رکھی جو آج مضبوطی کے ساتھ چل رہا ہے ۔ تھل سے آئے مسیحی کسانوں کے رہنما فادر مقصود نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پچاس برسوں سے مقامی مسیحی برادری کو زمینوں کے مالکانہ حقوق نہیں دیئے گئے ۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ ہم صحراؤں اور ریت کے ٹیلوں کو آباد کرتے ہیں مگر قبضہ مافیا ہماری محنت پر قابض ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ انکے زمینی ملکیت کے حقوق تسلیم کئے جائیں اور قبضہ مافیہ سے چھٹکارا دلوایا جائے ۔ صدر کسان اتحاد نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ روایتی زراعت کے طریقوں سے نکل کر جدید زرعی تکنیک اپنائیں۔ خالد کھوکر نے کہا کہ نامناسب مشینری اور غیر معیاری بیجوں کے استعمال کے باعث فی ایکڑ پیداوار میں کمی آ رہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم کی قیمت کا فوری اعلان کیا جائے اور مارکیٹ کو آزاد کیا جائے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں