ستھرا پنجاب کے تحت ڈبلیو ایم سی کا آگاہی مہم کا انعقاد
کہروڑپکا (نمائندہ دنیا )ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے آگاہی مہم کا انعقاد، آگاہی مہم میں واک کے ذریعے شہریوں کو صفائی کی اہمیت اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ترغیب دی گئی۔
آگاہی مہم کے دوران ڈویڑنل منیجر کرن، ڈسٹرکٹ منیجر میڈم زہرہ اور اسسٹنٹ منیجر میڈم تحریم نے خصوصی شرکت کی اور عوام سے صاف اور خوشگوار ماحول قائم رکھنے میں تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر تحصیل منیجر آپریشن محمد اویس رضا نے کہا کہ تحصیل کہروڑپکا میں روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اٹھایا جا رہا ہے ، سڑکوں اور عوامی مقامات کی صفائی کے لیے عملہ پوری محنت اور دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ۔ شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں ہیلپ لائن 1139 پر فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے ۔ آگاہی مہم کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کہروڑپکا محمد اشرف صالح، تحصیل منیجر محمد اویس رضا، اسسٹنٹ منیجر ملک محمد اسماعیل، ہیڈ سپروائزر رانا ثاقب داؤد، رانا اورنگزیب، سپروائزر ناصر مسیح اور شاہد مسیح نے شہر اور گردونواح کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔