موسم کی شدت ، ہیلتھ سیکرٹریٹ ، ہسپتالوں میں درخت لگانے کا فیصلہ

ملتان (لیڈی رپورٹر)سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین کا ماحول دوست ویژن، محکمہ صحت وآبادی جنوبی پنجاب اور محکمہ جنگلات کے تعاون سے ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب اور ہسپتالوں کے اندر اور گردونواح میں سایہ دار درخت لگانے کا فیصلہ۔
تفصیلات کے مطابق تیزی سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور رونما ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے بارے اقدامات کرنے کے لئے سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین کی ہدایات پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملتان ارم منیر نے سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان ڈاکٹر محمد ریاض مستوئی بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ ملاقات کے دوران ابتدائی مرحلہ میں ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب اور ڈسٹرکٹ ہسپتال ساؤتھ سٹی ملتان کے داخلی راستہ اور دیگر خالی پلاٹس میں درخت لگانے اور انہیں خوبصورت بنانے پر اتفاق کیا گیا جس کا دائرہ کار بتدریج جنوبی پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں اور ان کے گرد و نواح میں شجرکاری کرکے بڑھایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری سے ماحولیاتی تبدیلیوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور سایہ دار درختوں کی تعداد میں اضافہ سے ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں کووافر سایہ دار جگہ میسر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری صدقہ جاریہ ہے ۔ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرکے ہم اپنے ماحول اور آب و ہوا کو صحت مند بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماحول ہمارے پاس ہماری آنے والی نسلوں کی امانت ہے اسے مزید صحت مند، خوبصورت، تروتازہ اور خوشگوار بنا کر ہی ہم نے اپنی آئندہ نسلوں کو دینا ہے جس میں وہ صحت مند زندگی گزار سکیں۔