میپکو نادہندگان کی جائیدادیں نیلام کرنیکا اعلان
ملتان(خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی(میپکو) نے بجلی کے واجبات کی مسلسل عدم ادائیگی پر مستقل نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔۔
اس سلسلے میں پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے جس کے تحت نادہندگان کی جائیدادیں ضبط یا نیلام کی جا سکتی ہیں۔میپکو ترجمان کے مطابق، نادہندگان کو متعدد بار یاد دہانی اور نوٹسز بھیجے گئے ، تاہم واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث اب سخت اقدام ناگزیر ہو گیا ہے ۔ میپکو کو کروڑوں روپے کے بقایاجات درکار ہیں جن کی وصولی کے لئے تحصیلدارریکوری اور دیگر متعلقہ ریونیو افسروں کی مدد سے ریکوری کی جا رہی ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں بڑے نادہندگان کو ٹارگٹ کیا گیا ہے اور اگر ادائیگی نہ کی گئی تو ان کی جائیدادیں بحق سرکار ضبط کر کے نیلام کر دی جائیں گی۔ اس عمل کا مقصد صرف رقم کی وصولی نہیں بلکہ بجلی کے نظام کو مالی طور پر مستحکم بنانا بھی ہے ۔میپکو نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی کارروائی سے بچنے کیلئے فوری طور پر اپنے واجبات ادا کریں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ واجبات کی ادائیگی میں مزید تاخیر کی صورت میں نادہندگان کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ 30اپریل 2025ء تک میپکو ریجن میں 9186ملین روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 2لاکھ 8ہزار نادہندگان کو نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ 5881ملین روپے کے 77ہزار707نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کروائے گئے ۔ میپکو، رینجرز، پولیس فورسز، تحصیلدارریکوری اور ضلعی محکموں کے ساتھ آپریشن کے دوران 28ہزار 319 نادہندگان سے 1261ملین روپے وصول کئے گئے ۔ میپکو ملتان سرکل کے 2144ملین روپے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر 34742ڈیڈڈیفالٹرز کولینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت نوٹسز جاری کئے گئے ۔