زرعی شعبہ میں جدید اصلاحات نافذ،کپاس کی قیمتیں مستحکم رکھنے کا فیصلہ
ملتان(وقائع نگار خصوصی )ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے میں جدید اصلاحات نافذ کی گئی ہیں ۔۔
تاکہ کاشت کاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ بروقت اور شفاف انداز میں پہنچایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو زرعی اجناس کی سستی ترسیل کے لئے کسان اور منڈیوں کے مابین حائل رکاوٹوں اور ٹاؤٹ مافیا کا خاتمہ بھی ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹن کراپ مینجمٹ اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔کاشتکار نمائندوں اور محکمہ زراعت کے افسروں نے بھی شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی طرز پر کاٹن کی کاشت کو بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔اس سلسلے میں کاشتکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے کاٹن کا بہترین ریٹ مارکیٹ میں مستحکم رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ فیلڈ سٹاف کی مدد سے کاشت کاروں کو کاٹن کے حوالے سے بھرپور رہنمائی فراہم کی جائے جبکہ کوالٹی زرعی ادویات اور بہترین بیج کی بروقت فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر کاشتکاروں نے کپاس کی بڑھوتری اور فصل کے حوالے سے مسائل بھی پیش کئے اور تجاویز بھی دیں۔دریں اثنا انہوں نے مصنوعی مہنگائی کی سرکوبی اور اشیائخوردونوش کی ارزاں نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن اور دکانوں کو سربمہر کریں جبکہ گرانفروش کو حوالات کی سیر کرائی جائے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارکردگی مزید بہتر بناکر شہریوں کو ریلیف دیں۔شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور دکانوں پر پرائس لسٹ آویزاں کروائی جائیں۔مارکیٹ میں روزانہ کی بنیاد پر اشیائخوردونوش کی طلب رسد مانیٹر کیا جائے ۔ ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف ایکشن کی مختلف میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی جائے ۔ عوام میں بھی مصنوعی مہنگائی کنٹرول بارے آگاہی مہم چلائی جائے ۔ شہری دکانوں پر سرکاری نرخ کی ریٹ لسٹ طلب کریں،مقرر شدہ قیمت سے زیادہ ہرگز ادا نہ کریں۔