سندھ طاس معاہدہ منسوخ کرنا عالمی قوانین کے منافی‘سعید احمد منیس

میلسی (نامہ نگار )سابق ایم این اے اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سعید احمد خان منیس نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ منسوخ کرکے پاکستان کے دریاؤں کا پانی روکنا جرم ہے اور انٹر نیشنل قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔۔۔
اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی ادارے بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو جنگ میں شکست سے دوچار کرکے قوم کے دل جیت لئے ، پوری قوم اپنی بہادر افواج کی پشت پر کھڑی ہے ۔حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کو بحران سے نکال کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ۔دریں اثناء سعید احمد منیس کا کسان اتحاد ضلع وہاڑی کے صدر شبو خان بلوچ ودیگر سے ملاقات کے موقع پر کہنا تھا کہ سیوریج ،ٹف ٹائل اور کارپٹ روڈ منصوبوں کیلئے جلد فنڈز ملنے کی امید ہے ،ٹبہ سلطان پور سے میلسی تک روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی منظوری کے مراحل میں ہے ۔حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ،عوام کی بنیادی ضروریات کی اشیاء سستی کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے احکامات جاری کر رکھے ہیں،صوبہ بھر میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے ستھرا پنجاب پروگرام دیا گیا ہے ۔