میپکو ٹیمیں سرگرم، درجنوں بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑلئے

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔روجھان ڈی جی خان جمال دین والی صادق آباداحمد حسن شہید لودہراں میں 79لاکھ38ہزارروپے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر 27بستیوں نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اتارلئے گئے ۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ڈی جی خان سرکل ملک خورشیداحمد کی ہدایت پر ایس ڈی او روجھان سب ڈویژن خالد محمود کھوکھر کی سربراہی میں ٹیم نے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر نصب کئے گئے سکیننگ میٹرز کا ڈیٹا حاصل کرکے آپریشن کیا ۔ سکیننگ ایریا کے 10 ٹرانسفارمرز کی بجلی واجبات، مسلسل بجلی چوری اور سکیننگ میٹر جلنے کے واقعات کے باعث منقطع کر دی گئی۔ متعلقہ علاقوں کو “ہائی لاس اور ریگولر تھیفٹ زون” قرار دیا گیا ہے ۔واجبات کی مکمل ادائیگی اور میٹر کی درست تنصیب یقینی نہیں بنائی جاتی، بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی جائے گی۔ایس ڈی او روجھان سب ڈویژن خالد محمود کھوکھر کے مطابق ہارڈ ایریاز میں رننگ اور مستقل نادہندگان کے ذمہ 9لاکھ روپے سے زائد واجبات ہیں جنکی عدم ادائیگی اور ٹرانسفارمرز کی سکیننگ پر بجلی چوری کی شرح بالترتیب 36سے 100فیصد تک ہے ۔ 2ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر ایک بھی میٹر کا لوڈ نہیں چل رہاتھا اور تمام بجلی چوری ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ فورسز نے بستی بنگلہ شیریں،بستی اضافی آبادی شریف آباد، بستی منشی احمد بخش، بستی غلام قادر، بستی ملک بشیراحمد موضع مکھن بیلہ، بستی شفیع دریغ، بستی منظور سانگی، بستی فدا بوہر، بستی کریم آباد، بستی کریم آباد2، بستی کریم بخش اوربستی بلال خان میں 24لاکھ48ہزارروپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 11ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز اُتارکر بجلی کی سپلائی منقطع کردی گئی ۔