کسی کو ناجائزمنافع خوری کی اجازت نہیں :غلام مصطفی

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)خانیوال میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان کی زیر نگرانی پھلوں،سبزیوں اور اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور سپلائی بارے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مصطفی سیہڑ کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز بلال احمد، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر مارکیٹنگ محمد بابر اور تحصیلوں کے سیکرٹریز مارکیٹ کمیٹیوں نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غلام مصطفی سیہڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹماٹر اور پیاز کا سیزن ختم ہو رہا ہے ،ان سبزیوں کیلئے اب ہمیں دوسرے صوبہ پر انحصار کرنا پڑے گا،انہوں نے کہا کہ تمام مارکیٹوں کے سیکرٹریز اور عملہ ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں پر نگاہ رکھے ۔ میکانزم کے تحت ڈیمانڈ و سپلائی کے تحت قیمتوں کا تعین کیا جائےگا، اے ڈی سی جی نے مزید کہا کہ کسی کو ناجائزمنافع خوری کی اجازت نہیں دی جائےگی،بیوپاریوں اور آڑھتیوں سے رابطوں میں رہا جائے ، قیمتوں کا باقاعدہ میکنزم بناکر اس پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔حکومتی پالیسی کے عین مطابق منڈیوں میں اعتدال میں رہتے ہوئے سبزیوں و پھلوں کی خریدوفروخت کی اجازت دی جائے گی،ہمارے لئے ناجائز منافع خوری کو روکنا ترجیح ہوگی۔