فرنٹ ڈیسک اہلکارشفافیت یقینی بنائیں :اسماعیل کھاڑک

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل کھاڑک کی زیر صدارت کمیٹی روم میں فرنٹ ڈیسک سٹاف اور۔۔
محرران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں ریڈر محمد شفیق، انچارج فرنٹ ڈیسک اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈی پی اواسماعیل کھاڑک نے اس موقع پر کہا کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی میں فرنٹ ڈیسک سٹاف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے آپ کا رویہ ہی وہ پہلا تاثر ہوتا ہے جو عوام پولیس کے بارے میں قائم کرتے ہیں اس لیے ہر فرنٹ ڈیسک اہلکارکی ذمہ داری ہے کہ وہ آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی، ہمدردی اور خلوص کے ساتھ پیش آئے ۔انہوں نے کہاکہ میٹنگ کا مقصد فرنٹ ڈیسک سسٹم کی بہتری، عوامی خدمات میں شفافیت، اور شہریوں کے ساتھ حسن سلوک کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تھانوں میں ریکارڈ کی مکمل کمپیوٹرائزیشن، ایف آئی آر کا فوری اندراج، درخواستوں کی بروقت پراسیسنگ اور شکایات کا مؤثر اندراج فرنٹ ڈیسک کی بنیادی ذمہ داریاں ہیں جن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی۔ڈی پی او نے کہاکہ آپ کی ڈیوٹی صرف ایک ملازمت نہیں بلکہ مظلوم، بے سہارا اور انصاف کے طلبگار افراد کی مدد کا ایک مقدس فریضہ ہے اسے عبادت سمجھ کر ادا کریں، شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے نہ صرف خوش دلی سے کام لیں بلکہ تمام متعلقہ افسران کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے تحت کام کیا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور پولیس کا مثبت چہرہ نمایاں ہو سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ فرنٹ ڈیسک کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو فوری، شفاف اور باوقار پولیس سروس فراہم کی جا سکے ۔ اس موقع پر ڈی پی او نے واضح کیاکہ عوام کی عزت اور ان کے مسائل کے حل میں سستی، غیر سنجیدگی یا بدتمیزی برداشت نہیں کی جائے گی ہر اہلکار کو جوابدہ بنایا جائے گا اور غیر ذمہ دار رویہ رکھنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔