سیلاب کا خدشہ ، ادارے ہائی الرٹ ، ریسکیو کی فرضی مشقیں

سیلاب کا خدشہ ، ادارے ہائی الرٹ ، ریسکیو کی فرضی مشقیں

ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ و ریسکیو 1122 ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔۔۔

اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہیڈ محمد والا کے دریائی کنارے پر ریسکیو و ضلعی محکموں کی فرضی مشقوں کا انعقاد کیا جارہاہے تاکہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہیڈ محمد والا دریائی کنارے پر فرضی مشقوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر کو اس موقع پر بریفنگ بھی دی گئی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر ،اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد اقبال ،ڈی او ایمرجنسی ڈاکٹر محمد حسین میاں سمیت ضلعی حکام بھی ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے مشقوں کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ اور امدادی کارروائیوں کا عملی مظاہرہ دیکھا۔فرضی مشقوں کے دوران ضلعی محکموں کی جانب سے قائم کیمپس میں مشینری وامدادی سامان کی بھی نمائش کی گئی جبکہ ریسکیو جوانوں نے تیراکی،سکوبا ڈائیوننگ سمیت مختلف پروفیشنل مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔فرضی مشقوں میں زخمیوں کو فوری طبی امداد سمیت ہسپتال منتقلی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے دریائی کنارے پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر دریائی صورتحال پر کڑی نظر ہے جبکہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے فرضی مشقوں کا مقصد اداروں کی کارکردگی جانچنا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو ،سول ڈیفنس،انہار اور پولیس سمیت تمام ادارے کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں