ملتان میں مثالی انتظامات، صفائی ورکرز میں اعزازیہ تقسیم

ملتان(خصوصی رپورٹر، وقائع نگار خصوصی ) وزیر اعلیٰ کی جانب سے عید الاضحیٰ پر مثالی صفائی انتظامات کرنے پر تمام سینٹری ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اس موقع پر ضلع ملتان کے تمام سینٹری ورکرز کو فی کس 10 ہزار روپے اعزازیہ فراہم کیا گیا ۔
اس سلسلے میں ضلع ملتان کے 4ہزار سے زائد ورکرز کو عید الاضحیٰ پر مثالی کارکردگی پر خصوصی اعزازیہ دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی صدارت میں رضا ہال ملتان میں تقریب تقسیم اعزازیہ کا انعقاد کیا گیا تقریب میں سی ای او عبدالرزاق ڈوگر ،ٹکٹ ہولڈرز ملک عبد الغفار ڈوگر ،شیخ طارق رشید ،جاوید اختر انصاری ،کوآرڈی نیٹر عمر فاروق بھٹی ،سید بابر شاہ، ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق سمیت سینٹری ورکرز نے شرکت کی ۔تقریب میں سینٹری ورکرز کو 10 ہزار روپے فی کس اعزایہ کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ پر مثالی صفائی کرکے ورکرز نے ہمارے سر فخر سے بلند کئے ۔ وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صوبہ بھر میں آلائشوں کی تلفی بارے نمایاں پوزیشن پر رہی۔