اپنا چھت اپنا گھر پروگرام، مستحق افراد کو شدید مشکلات کا سامنا

وہاڑی(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبے اپنا چھت اپنا گھر پروگرام میں وہاڑی کے کئی چکوک کے مستحق افراد کو شدید مشکلات کا سامنا۔۔۔
ایک دیہاتی قرعہ اندازی میں کامیابی کے باوجود پٹواری اور کمپیوٹر سنٹر کے درمیان فٹ بال بن کر رہ گیا، قرضہ سکیم کے اہل افراد بھی ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار، حکومتی دعوے صرف کاغذوں تک محدود ہیں۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے مالی امداد کی مشروط منظوری کے بعد فردِ ملکیت کی فراہمی کے لیے پٹواری کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ کمپیوٹر سنٹر سے فرد حاصل کرو جبکہ کمپیوٹر سنٹر والے جواب دیتے ہیں کہ فرد پٹواری جاری کرے گا ،اس غیر واضح نظام اور اداروں کے باہمی تضاد نے درجنوں مستحق شہریوں کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے ،غلام نبی نے ضلعی انتظامیہ کو دی گئی تحریری درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ دفاتر کے چکر لگانے کے باوجود تاحال فردِ ملکیت حاصل نہیں کر سکا۔اے ڈی سی جنرل اور اے سی غزالہ کنول کو بھی درخواست دی لیکن شنوائی نہیں ہوئی وزیر اعلی ٰ فوری کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ میں سکنہ اندراج مکمل کر کے فردِ ملکیت جاری کرانے کیلئے ہدایات جاری کریں،بروقت ایکشن نہ لیا گیا توانقلابی سکیم فلاپ ہو جائے گی۔