ایمرسن یونیورسٹی کا بجٹ پیش ، فیسوں میں اضافہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی ملتان کا ایک ارب 32کروڑ روپے کا بغیر خسارہ بجٹ پیش،پوزیشن ہولڈرز کے لئے فیس معافی کا کیس اور بی ایس کمپیوٹر سائنس اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز پروگرام کی فیسوں میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کرنے کی تجویز منظور کرلی گئی۔۔۔
تفصیل کے مطابق ایمرسن یونیورسٹی ملتان کی چھٹی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کی زیر صدارت یونیورسٹی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ، مالی منصوبوں اور اہم ایجنڈوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف تجاویز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2025-26 کی منظوری دی گئی، جو کہ ایک ارب 32 کروڑ روپے کا بغیر خسارہ بجٹ ہے ۔اجلاس میں یونیورسٹی کے خزانچی ندیم مشتاق نے بطور سیکرٹری اجلاس کی کارروائی پیش کی، جبکہ شریک ارکان میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد فاروق، کنٹرولر امتحانات آفتاب احمد خاکوانی، ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ایڈیشنل سیکرٹری زاہدہ اظہر، گورنمنٹ آف پنجاب فنانس ڈیپارٹمنٹ سے محمد عارف، ایچ ای سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس ارسلان مجید آن لائن شامل تھے ۔ خزانچی ندیم مشتاق نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت پنجاب اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے 38 کروڑ روپے کی گرانٹ موصول ہوئی، اور رواں سال بھی اتنی ہی رقم کی آمد کی توقع ہے طلبہ کی فیسوں کی مد میں 71 کروڑ روپے کی آمدنی متوقع ہے بجٹ میں مختلف شعبوں کے لیے خطیر رقوم مختص کی گئی ہیں جن میں 8 کروڑ روپے کا انڈونمنٹ فنڈ، پنشن کے لیے 5 کروڑ 27 لاکھ روپے اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کمپیوٹر لیبارٹریز کے قیام و بہتری کے لیے 50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم شامل ہے ۔ انٹرمیڈیٹ بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے خصوصی فیس رعایت مقرر کی گئی ہے پہلی پوزیشن پر 90 فیصد، دوسری پوزیشن پر 80 فیصد، جبکہ تیسری پوزیشن پر 70 فیصد فیس معاف کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، حقیقی بہن بھائیوں کے لئے 50 فیصد ٹیوشن فیس میں رعایت دی جائے گی۔