غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار)ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر کی زیرصدارت ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں غیرقانونی پٹرول پمپس، ایل پی جی ری فلنگ، مدارس کی رجسٹریشن، ایرانی پٹرول کی فروخت، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، سیف سٹی پراجیکٹ اور ٹریفک و منشیات سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائی تیز کریں۔ غیرقانونی آئل ایجنسیاں، پٹرول پمپس، گداگری اور سمگلنگ کا خاتمہ اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ سیف سٹی پراجیکٹ کو جلد مکمل کر کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر خان نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک 76 غیرقانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 40 کو ناکارہ، 34 کو سیل جبکہ 2 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اجلاس میں اے ڈی سی جنرل غلام مرتضیٰ، اے سی وہاڑی احسن ممتاز، ڈی ایس پی عمران صدیقی، سی او ضلع کونسل، ایم سی، ڈی ڈی پی آر اور دیگر افسران شریک ہوئے ۔