ریت کا خود ساختہ ریٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر معدنیات اورٹھیکیدارطلب
لاکھوں روپے کی ناجائز وصولیوں کی تحقیقات کرائی جائیں، ڈی جی اینٹی کرپشن
بورے والا(سٹی رپورٹر )ضلع وہاڑی میں ریت مافیا اور محکمہ معدنیات کے کرپٹ افسران کے گٹھ جوڑ ،شہریوں کی شکایت پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن لاہور نے ڈپٹی ڈائریکٹر معدنیات اور ٹھیکیدار کو شیڈول سمیت طلب کر لیاجبکہ لاکھوں روپے کی ناجائز وصولیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق شہریوں کی جانب سے ڈی جی اینٹی کرپشن لاہور کو دی گئی تحریری درخواست میں انکشاف کیا گیا کہ ضلع وہاڑی کے مختلف علاقوں میں ریت مافیا مبینہ طور پر محکمہ معدنیات کے بعض کرپٹ اہلکاروں کی سرپرستی میں سرگرم ہے ،دو سے تین ہزار روپے میں فروخت ہونے والی ریت کی ٹرالیاں اب 9 سے 11 ہزار روپے تک زبردستی بیچی جا رہی ہیں جبکہ فی ٹرالی چار سے چھ ہزار روپے ناجائز طور پر ’’معدنیات ٹیکس‘‘کے نام پر وصول کیے جا رہے تھے ۔ذرائع کے مطابق کارروائی سے بچنے کے لیے ٹھیکیدار نے مبینہ طور پر متعلقہ افسروں کے ساتھ ملی بھگت کر کے ریٹ شیڈول میں غیر قانونی تبدیلی کی کوشش بھی کی، تاہم شہریوں نے بروقت شکایت درج کرا کر اس گھناؤنی سازش کو بے نقاب کر دیا۔ڈی جی اینٹی کرپشن نے مکمل انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ عوام کو لوٹنے والے مافیا کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔