عالمی سپیکر کانفرنس کا انعقاد تاریخی ، قابل فخر لمحہ،احمد مجتبیٰ
کانفرنس پاکستان کے روشن مستقبل ،جمہوری استحکام کا باعث بنے گی
ملتان (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد میں منعقد ہونے والی عالمی سپیکرز کانفرنس کا کامیاب انعقاد پاکستان کے لئے ایک تاریخی اور قابل فخر لمحہ ہے ۔ اس کانفرنس میں 45ممالک کے 100 سے زائد عالمی پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کر کے ملک کی عالمی سطح پر ساکھ کو مستحکم کیا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی اور سیاسی و سماجی رہنما میاں محمد عظیم سعید نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان کے روشن مستقبل، جمہوری استحکام اور عالمی پارلیمانی روابط کے فروغ کا مظہر ہے ۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو اس کامیاب سفارتی و پارلیمانی کاوش پر دلی مبارکباد پیش کی۔دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد کچہری میں خودکش حملہ اور وانا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں اور پوری قوم ان واقعات کی مذمت میں یکجا ہے ۔