حضرت ابوبکر صدیقؓ کی حیات مشعل راہ،خواجہ یوسف
آپ ؓ کا دور مثالی ، فتنے ختم، جھوٹے مدعیان نبوت کا قلع قمع کیا ، بیان
ملتان (کرائم رپورٹر )دعوت ذکروفکر ڈیرہ اللہ ھو والا کے زیر اہتمام ماہانہ محفل پاک یوم سید نا ابو بکرصدیقؓ کی تقریب زکریا ٹاؤن جامع مسجد غوثیۃ الحرإ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت امیر دعوت ذکروفکرپاکستان خواجہ محمد یوسف نقشبندی نے کی۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کہ امیرالمومنین حضرت سید نا ابو بکرصدیق کی حیات طیبہ پوری امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے ،حضرت ابو بکرصدیقؓ کو یہ شرف حاصل ہے کہ وہ مردوں میں سب سے پہلے ایمان لائے ۔ حضرت صدیق اکبرؓ وہ عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے دین اسلام کیلئے اپنا تمام مال قربان کردیا،آپ نے اسلام قبول کر کے اشاعت دین کیلئے ایک عظیم کردار ادا کیا،آپ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے نہ مال کی نہ جان کی نہ اولاد کی پرواہ کی۔
بلکہ اپنا سب کچھ امام الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کے فرمان پر قربان کر دیا،آپ کا دور خلافت ایک آئیڈیل حکمرانی کا نمونہ تھا آج جس کو لیکر ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ،آپ کے ہی دور خلافت میں بہت سے فتنوں کو ختم کیا گیا،آپ نے جھوٹے مدعی نبوت مسیلمہ کذاب کو واصل جہنم کیا بعد میں تشریف لانے والے خلفائے راشدین نے آپ کے طرز حکمرانی کو اپنایا۔ حضورنبی کریمؓ نے فرمایا کہ میری امت میں سب سے زیادہ مہربان ابوبکر ہیں آج ہمیں چاہئے کہ خلیفہ اول امیرالمومنین حضرت سید نا ابو بکرصدیقؓ کی سیرت طیبہ کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں، آپؓ کی سیرت طیبہ کا سب سے غالب پہلو حضورنبی کریم ؐکے ساتھ عشق و محبت تھا اسلام کیلئے آپکی خدمات کو تا قیامت یاد رکھا جائے گا۔