پارکس کی بیوٹیفکیشن کا کام جلد مکمل کرنے کا حکم
کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ،ڈی جی ایم ڈی اے کی بریفنگ، فلائی اوورز پر فینسی تھیم، ایم ڈی اے کی سڑکوں پر جدید لائٹنگ کے منصوبوں پر بھی غور عوامی سہولتوں کے پیش نظر منصوبوں کوجلد عملی شکل دیں، تجاوزات کا خاتمہ اور شجرکاری کے بعد پودوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کئے جائیں، عامر کریم
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت نیو شمس کالونی میں سپورٹس ارینا اور پارکس کے قیام سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی جی ایم ڈی اے نے نیو شمس کالونی میں کھیلوں کے گراؤنڈز، پارکس اور دیگر ترقیاتی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی اور جاری و مجوزہ منصوبوں سے آگاہ کیا،مسلم ہائی سکول کی وال، محمدی گراؤنڈ اور اس کے اطراف کی بہتری سے متعلق امور ،فلائی اوورز پر فینسی اور تھیم بیسڈ ڈیزائنز کے نفاذ اور ایم ڈی اے کی سڑکوں پر جدید لائٹنگ کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ ان مقامات کی بیوٹیفکیشن اور بہتری سے نہ صرف تعلیمی و کھیلوں کے ماحول کو فروغ ملے گا بلکہ شہری حسن میں بھی اضافہ ہوگا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے انہوں نے شہرکی خوبصورتی، ماحولیات اور عوامی سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کو جلد عملی شکل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے معیار اور تسلسل کے ساتھ مکمل کریں، گراؤنڈز اور پارکس کا قیام نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
دریں اثنا ئکمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ہیڈ محمد والا روڈ پر جاری شجرکاری اور بیوٹیفکیشن منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا، تجاوزات کے خاتمے کے بعد گرین بیلٹس پر جاری شجرکاری کام کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ پودوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور ان کی مؤثر حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے فیضِ عام نرسری چوک کی گرین بیلٹ پر آم، شہتوت، کچنار سمیت مختلف پھل دار درخت لگانے کے عمل کو سراہتے ہوئے پھل دار درختوں کی حفاظت کیلئے باڑ لگانے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے نانڈلہ چوک کا بھی معائنہ کیا اور نانڈلہ چوک سے اعوان چوک تک شجرکاری اور بیوٹیفکیشن کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی کو واضح ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر کنال روڈ پر نئی گرین بیلٹ قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی جس سے سڑک کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی حسن میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔ دورے کے موقع پر ایم ڈی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی کریم بخش اور متعلقہ افسر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔