وہاڑی میں کرسمس پر فول پروف سکیورٹی کا انتظام
ڈی پی او کے احکامات پر عبادتی پروگرامز ، پبلک مقامات پر اضافی نفری تعینات
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال کی ہدایات پر کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع میں مجموعی طور پر 56 عبادتی پروگرامز منعقد ہوں گے جن میں 21 وہاڑی، 29 بوریوالا اور 6 میلسی میں شامل ہیں۔ڈی پی او کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 663 پولیس افسران و جوانوں کے ساتھ 184 والنٹیئرز تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی علیحدہ ڈیوٹیز بھی رکھی گئی ہیں۔ ضلع کے 7 داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کے لیے پکٹس قائم کیے گئے ہیں اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے شہر کے 6 اہم مقامات پر خصوصی پکٹس لگائی گئی ہیں۔پبلک مقامات، پارکس، مسیحی برادری کی آبادیوں اور قبرستانوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔
جبکہ ایلیٹ کمانڈوز اور تھانوں کی موبائل ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔ گرجا گھروں میں داخلے کے لیے مکمل باڈی سرچنگ بھی یقینی بنائی جائے گی۔ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کے موقع پر پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ اپنا تہوار مکمل احساسِ تحفظ کے ساتھ منا سکیں۔