تعلیمی بورڈ ملتان کی ایگزامینرز کے لئے درخواستیں طلب

تعلیمی بورڈ ملتان کی ایگزامینرز کے لئے درخواستیں طلب

میٹرک 2026 کے جوابی کاپیوں کی مارکنگ کیلئے مستند اساتذہ کی تفصیلات مطلوب

ملتان (خصوصی رپورٹر)تعلیمی بورڈ ملتان نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026کے لئے ایگزامینرز سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ بورڈ کی جانب سے سکولوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ بوائز/گرلز سکینڈری اور ہائر سیکنڈری سکولز ضلع ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں میں سب-ایگزامینرز کے مصدقہ کوائف فراہم کرنا لازمی ہیں۔بورڈ کے مطابق جوابی کاپیوں کی معیاری مارکنگ کے لئے میٹرک کلاسز پڑھانے والے اہل، مضمون میں مہارت رکھنے والے ، دیانتدار، مخلص اور فرض شناس اساتذہ کرام کی عملی شرکت ضروری ہے ۔ اساتذہ کی یہ شراکت امتحانی شفافیت کو یقینی بنانے اور طلباء و طالبات کے بہتر مستقبل میں معاون ثابت ہو گی۔مراسلے میں کہا گیا کہ اس قومی ذمہ داری کی تکمیل میں سکولوں کے سربراہان کا کردار نہایت اہم ہے ۔ اساتذہ کو بھی باور کرایا جائے کہ جوابی کاپیوں کی مارکنگ ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے ۔تمام اساتذہ کرام سے گزارش کی گئی ہے کہ مکمل معلومات کے ساتھ فارم یا منسلک پروفارمہ 15 جنوری 2026 تک تعلیمی بورڈ کو ارسال کریں تاکہ میٹرک سالانہ امتحانات کی مارکنگ کے انتظامات بروقت مکمل کئے جا سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں