نشتر ہسپتال کی نجکاری عوام دشمن اقدام ،ظفر اقبال صدیقی
طبی ادارہ جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان کے لاکھوں غریب مریضوں کی امید
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان اور آل پاکستان انجمن تاجران کے رہنماؤں نے نشتر ہسپتال کو نجی شعبہ کے حوالے کرنے کی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اور ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے ۔چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان کے صدر ظفر اقبال صدیقی، چیئرمین احتشام الحق، ممتاز علی بابر، عزیز الرحمن انصاری، حاجی اصغر اکبر، ملک اختر حسین، ملک طاہر ڈوگر، شیخ طاہر امجد نے مشترکہ بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں نجکاری کا فیصلہ غریب عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نشتر ہسپتال نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ سندھ اور بلوچستان کے لاکھوں غریب مریضوں کے لئے علاج کی آخری امید ہے ۔ اس ادارے کی نجکاری سے عام آدمی مہنگے نجی ہسپتالوں کی فیسیں ادا کرنے کے قابل نہیں رہے گا، جس سے انسانی جانیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نشتر ہسپتال کی نجکاری کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے اور سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات بہتر بنائی جائیں۔
رہنماؤں نے نجی ہسپتالوں کی فیسوں کو باقاعدہ کنٹرول کرنے اور انہیں کیٹیگریز میں تقسیم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔تاجر رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو تاجر برادری عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔