زکریا یونیورسٹی :ایچ ای سی فیز ٹوسکالرشپس کیلئے درخواستیں طلب
مستحق طلبہ 12جنوری تک اپ ڈیٹ فارم مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع کرائیں
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں زیرِ تعلیم مستحق طلبہ کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی 2025 فیز ٹو سکالرشپس کے حصول کے لئے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق سکالرشپ کے درخواست فارم متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے حاصل کئے جا سکتے ہیں یا یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ صرف اپ ڈیٹ شدہ فارم ہی قابلِ قبول ہوگا، پرانے فارمیٹ پر جمع کرائی گئی درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی۔طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مکمل طور پر پُر شدہ فارم تمام مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ اسی شعبہ میں جمع کروائیں جہاں وہ زیرِ تعلیم ہیں۔ درخواست کے ساتھ آخری سمسٹر کے تصدیق شدہ نتائج کارڈ، ادا شدہ فیس ووچر کی کاپی، آمدنی کا سرٹیفکیٹ یا حلف نامہ، سرکاری یا نیم سرکاری ملازمین کی صورت میں کمپیوٹرائزڈ سیلری سلپ، درخواست گزار، والد اور والدہ کے قومی شناختی کارڈز کی نقول منسلک کرنا لازمی ہوگا۔
اس کے علاوہ یتیم طلبہ کے لئے والد کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ، گزشتہ ماہ کا یوٹیلیٹی بل، گھر کے اندر یا سامنے کی تصویر، خاندان کے تمام افراد کی تفصیل اور ماہانہ اخراجات کی مکمل معلومات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔سکالرشپ سیل / سٹوڈنٹ فنانشل ایڈ آفس کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ نامکمل یا مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مسترد کر دی جائیں گی۔