کوٹ ادو میں ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنیکی ہدایت
تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ، ڈی سی بلال سلیم ، اجلاس سے خطاب
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم کی زیر صدارت ترقیاتی امور سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم قدسیہ ناز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ میڈم انعم حفیظ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور مؤثر نگرانی لازمی ہے تاکہ ترقیاتی اقدامات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔ اجلاس میں منصوبوں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ حکمت عملی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دائرہ دین پناہ راشد امین کی سربراہی میں بیوٹیفکیشن کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ اس مہم کے تحت شہر کی مرکزی سڑکیں، چوک، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ صفائی، تجاوزات کے خاتمے ، پودوں کی دیکھ بھال اور رنگ و روغن شامل ہیں۔چیف آفیسر نے عملے کو ہدایت کی کہ کام بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کریں تاکہ شہریوں کو صاف، خوبصورت اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ بیوٹیفکیشن میں تعاون کریں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔