وہاڑی:ڈسٹرکٹ بارکے سالانہ انتخابات کی تیاریاں مکمل
صدارت کیلئے راؤ شیراز رضا اور رانا محمد ساجد میں کانٹے دار مقابلہ متوقع
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کی تیاریاں مکمل ،صدر کی نشست پر سابق صدر بار اور سابق ممبر پنجاب بار راؤ شیراز رضا اور سابق صدر رانا محمد ساجد کے درمیان ون ٹو ون اورکانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔جبکہ سیکرٹری کی سیٹ پر چودھری عاصم جان اور مطلوب حسین جوئیہ آمنے سامنے ہوں گے ، نائب صدر کے عہدے کے لیے ریحان غازی اور غلام مصطفیٰ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ راؤ شیراز رضا کو ہم خیال اتحاد، یونائٹڈ لائرز گروپ اور ینگ لائرز کی حمایت حاصل ہے جبکہ رانا ساجد فرینڈز اتحاد گروپ کے نامزد امیدوار ہیں۔ دونوں گروپس کے امیدوار بار الیکشن جیتنے کے لیے بھرپور مہم چلا رہے ہیں، اس دوران ملاقاتیں، جوڑ توڑ اور بار کے معزز ممبران کے اعزاز میں دعوتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ پولنگ میں 1185 ووٹرز جن میں 101 خواتین وکلا بھی شامل ہیں، صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوگی اور الیکشن بورڈ نو منتخب عہدے داروں کا اعلان کرے گا۔ ممبر الیکشن بورڈ لبنیٰ احتشام کے مطابق شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ تمام امیدوار اپنی کامیابی کے لیے پُرعزم دکھائی دیتے ہیں۔