کبیروالا پبلک سکول کا تعلیمی معیار بہتر بنانے کا فیصلہ
ڈی سی کی کمپیوٹر، سائنس لیبز، لائبریری، ٹرانسپورٹ شجرکاری کی ہدایاتمیونسپل کمیٹی سے انڈر پاس کی بیوٹیفکیشن کا پلان اور تخمینہ لاگت بھی طلب
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کے زیرانتظام کبیروالا پبلک سکول کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے سکول کے دورے کے دوران کمپیوٹر اور سائنس لیبز کے قیام، جدید لائبریری اور بچوں کے لیے جوائے لینڈ بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے تعلیمی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف کلاس رومز میں جا کر طلبہ کی تعلیمی استعداد بھی جانچی۔ڈپٹی کمشنر نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت یقینی بنائی جائے جبکہ اساتذہ کی تربیت اور تدریسی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سکول کے تعلیمی نتائج مثالی ہونے چاہئیں تاکہ طلبہ حکومت پنجاب کی جانب سے دی جانے والی سکالرشپس سے مستفید ہو سکیں۔ سکول میں شجرکاری بڑھانے اور بارانی ایریا کو ہموار کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے افسروں کے ہمراہ ریلوے انڈر پاس کا دورہ کیا اور اطراف سے گندگی ختم کرا کر فوری شجرکاری کرانے کی ہدایت کی۔ میونسپل کمیٹی سے انڈر پاس کی بیوٹیفکیشن کا پلان اور تخمینہ لاگت بھی طلب کیا گیا۔ انہوں نے سٹی انٹری گیٹ، ماہنی سیال بائی پاس گرین بیلٹ اور فاؤنٹین سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع اور شہروں کے داخلی راستوں کو خوبصورت بنایا جائے گا۔ دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کبیروالا، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ اور دیگر افسر بھی ہمراہ تھے ۔