طلبہ مستقبل کے معاشی چیلنجز پر نظر رکھیں،اظہر بلوچ
یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے طلبہ کا دورہ ایوان صنعت وتجارت
ملتان (لیڈی رپورٹر)یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس اور بی بی اے کے طلبہ و طالبات نے ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر نائب صدر ایوان اظہر بلوچ اور سیکرٹری جنرل محمد شفیق نے طلبہ کو ایوان کے اغراض و مقاصد، ذمہ داریوں اور کاروباری و صنعتی شعبے میں اس کے کردار سے آگاہ کیا اور ان کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے ۔نائب صدر ایوان اظہر بلوچ نے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے ، جس سے طلبہ کو عملی میدان سے روشناس ہونے کا موقع ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی دورے تعلیم اور عملی تجربے کے درمیان فاصلے کو کم کرتے ہیں اور طلبہ کو کاروباری طریقہ کار، مالیاتی نظام، کارپوریٹ گورننس اور ملکی معاشی ترقی میں ایوانِ تجارت و صنعت کے کردار کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایوانِ تجارت و صنعت ملتان ہمیشہ تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون اور مستقبل کے پیشہ ور افراد کی رہنمائی پر یقین رکھتا ہے ۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ملکی معاشی حالات پر بھی نظر رکھیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے ۔سیکرٹری جنرل ایوان محمد شفیق نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ایوان تاجر اور صنعتکار برادری کی رہنمائی، مینٹورشپ اور جدید کاروباری تکنیکس کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔