صنعتوں کیلئے سستی بجلی احسن اقدام، خواجہ محمد حسین

صنعتوں کیلئے سستی بجلی احسن اقدام، خواجہ محمد حسین

فیصلے سے تاجر، صنعتکار برادری کا اعتماد بحال، سرمایہ کاری بڑھے گی ،بیان

ملتان (لیڈی رپورٹر)سابق صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ محمد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کے فیصلے ملکی صنعت اور برآمدات کے فروغ کے لئے نہایت اہم اور بروقت ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ ری فنانس ریٹ کو کم کر کے 4.5 فیصد کرنا اور صنعتی شعبے کے لئے بجلی کے نرخوں میں تقریباً 4.04 روپے فی یونٹ کمی ایسے مؤثر اقدامات ہیں جو صنعتی بحالی، پیداواری لاگت میں کمی اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کریں گے ۔خواجہ محمد حسین کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں سے تاجر اور صنعتکار برادری کا اعتماد بحال ہوگا اور سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ متوقع ہے ، جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور قومی معیشت کو استحکام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت دوست پالیسیوں کے تسلسل سے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے ۔ خواجہ محمد حسین نے مزید کہا کہ اگر حکومت کی یہی پالیسی تسلسل کے ساتھ جاری رہی تو پاکستان 100 ارب ڈالر کی برآمدی صلاحیت کے ہدف کی جانب مضبوطی سے پیش رفت کر سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں