سکولوں کی مانیٹرنگ،نئے ایس او پیز کا اجرا،اےای اورمبتحرک
اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز سکولوں کی مانیٹرنگ ذاتی لاگ اِن آئی ڈی کے ذریعے انجام دیں گے ،کلاس روم آبزرویشن کا عمل کوٹ ایپ کے ذریعے جاری رہے گا، حکام
ملتان (خصوصی رپورٹر)سکولوں کی مانیٹرنگ کے نئے ایس اوپیز جاری، اے ای اوز کوفیلڈ مانیٹرنگ کوموثربنانے کے لئے احکامات تفصیل کے مطابق حکومتِ پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری سکولوں کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لئے اہم احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ جاری کردہ تازہ ہدایات کے مطابق اب تمام اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز سکولوں کی مانیٹرنگ اپنی علیحدہ اور ذاتی لاگ اِن آئی ڈی کے ذریعے مانیٹرنگ ایپ پر انجام دیں گے ۔محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد فیلڈ مانیٹرنگ کو زیادہ مستند بنانا، ڈیٹا کی شفافیت کو یقینی بنانا اور انفرادی ذمہ داری کا تعین کرنا ہے ۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ کلاس روم آبزرویشن کا عمل بدستور COT ایپ کے ذریعے جاری رہے گا، جس کے تحت تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی کارکردگی اور طلبہ کے تعلیمی معیار کا جائزہ لیا جائے گا۔اس سلسلے میں متعلقہ تکنیکی ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام AEOs کے لاگ اِن فوری طور پر جاری کئے جائیں، جبکہ اس عمل کو محکمانہ سطح پر اوّلین ترجیح قرار دیا گیا ہے ۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ لاگ اِن کے اجرا میں کسی بھی قسم کی تاخیر قابلِ قبول نہیں ہوگی۔تعلیمی حلقوں کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف سکول مانیٹرنگ کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ کارکردگی کی درست رپورٹنگ اور جوابدہی کا نظام بھی مضبوط ہو گا۔